بہار میں بی جے پی کی ہار طئے ہے ،اسٹالن کا اعلان

   

مظفرپور۔ 27 اگست (ایجنسیز) بہار میں کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ بدھ کے روز دربھنگہ سے مظفرپور پہنچی اس موقع پر تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن اپنی بہن کنی موزھی کے ساتھ یاترا میں شامل ہوئے۔مظفرپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔۔ انہوں نے کہا:’’میں 2000 کلو میٹر دور سے آیا ہوں اور دیکھ لیا ہے کہ عوام کا فیصلہ ہو چکا ہے، بی جے پی ہار رہی ہے۔‘‘انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے انتخابی عمل کو مذاق بنایا ہے اور 65 لاکھ ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کرنا دہشت گردی سے بھی زیادہ خطرناک عمل ہے۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن کو بی جے پی نے اپنی کٹھ پتلی بنا دیا ہے۔اسٹالن نے مزید کہا کہ عوام اپنی طاقت کے ذریعے بی جے پی سے اقتدار چھین لیں گے۔ انہوں نے راہول گاندھی کو خوف سے بے نیاز لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آنکھوں اور الفاظ میں کبھی ڈر نظر نہیں آتا۔ اس پر مجمع نے زوردار نعرے بازی کی۔ اسٹالن نے ایکس (ٹوئٹر) پر بھی پیغام جاری کیا اور کہا کہ لالو پرساد یادو کی سرزمین نے ان کا جوش و خروش سے استقبال کیا۔ انہوں نے راہول گاندھی، تیجسوی یادو اور پرینکا گاندھی کے ساتھ یاترا میں شرکت کو عوامی درد کو طاقت میں بدلنے کی علامت قرار دیا۔راہول گاندھی اور تیجسوی یادو نے بھی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے جمہوریت اور اپنے ووٹ کے حق کی حفاظت کی اپیل کی۔ جلسہ میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور نعرے بازی سے ماحول پرجوش رہا۔سیاسی مبصرین کے مطابق اسٹالن کی بہار آمد انڈیا اتحاد کے لیے ایک اہم علامتی قدم ہے۔ جنوبی اور شمالی ہندوستان کے بڑے رہنماؤں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا بی جے پی کے لیے بڑا سیاسی چیلنج تصور کیا جا رہا ہے۔