بہار میں جرائم کی بڑھتی شرح ، حکومت پر تیجسوی کی تنقید

   

پٹنہ، 26 اگست (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر حکومت کو نشانہ بنایا اور ایک بیان میں کہا کہ بہار میں امن و امان مکمل طورپر تباہ ہو چکا ہے ۔ قائد اپوزیشن یادو نے کہا کہ دارالحکومت پٹنہ میں حالیہ واقعات نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے کچھ دنوں میں پٹنہ میں پانچ چھ معصوم بچوں کو ان کے گھروں میں گھس کر بے دردی سے قتل کیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ ہے ، لیکن حکومت اور انتظامیہ پوری طرح سے غیر فعال ہے ۔ قائد اپوزیشن تیجسوی نے دارالحکومت پٹنہ کے پٹیل نگر کے واقعہ کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ ابھی کل ہی دو بچوں کے قتل سے ناراض لوگوں نے وزیر صحت منگل پانڈے کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔ وزیرموصوف اس قدر بے حس اور متکبر ہیں کہ انہوں نے متاثرہ خاندان سے بات کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی کے مجرموں والے منگل راج میں اب حکمراں بی جے پی کے غنڈوں کے ذریعہ گھر میں گھس کر قتل کرنے کا نیا رجحان بن گیا ہے۔ جب مجرمانہ رجحانات کے حامل لوگ ’نائب وزیر اعلی‘ بن کربہار پولیس کو ہدایت دیں گے تو پھر امن و امان کا مزید زوال یقینی ہے۔