بہار میں حلیفوں پر انحصار نہیں ، کانگریس کے بیان پر آر جے ڈی کا جوابی وار

   

پٹنہ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے عظیم تر اپوزیشن اتحاد کو اس وقت دھکا پہنچا جب منگل کو سینئر کانگریس لیجسلیچر لیڈر سدانند سنگھ نے بیان دیا تھا کہ ان کی پارٹی ریاست میں حلیفوں پر انحصار نہیں کرتی۔ جواب میں آر جے ڈی نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں جو پارٹی بی جے پی کو شکست دینے کی بات کرتی ہے، اس کو یہ بیان زیب نہیں دیتا۔ سدانند سنگھ نے کہا تھا کہ راہول گاندھی کی زیرقیادت کانگریس ایک مضبوط پارٹی بن کر ابھری ہے اور اگر نشستوں کی تقسیم پر مفاہمت ناکام ہوتی ہے تو بھی کوئی بات نہیں ہے (ہم کسی کے بھی محتاج نہیں ہیں) بیان دیا۔ سنگھ نے اترپردیش کی مثال دی کہ کس طرح کانگریس تنہا بی جے پی کو شکست دینے کیلئے میدان میں اتر آئی ہے۔ جبکہ دونوں مقامی پارٹیاں سماج وادی اور بہوجن سماج پارٹی نے محض بی جے پی کو شکست دینے کے مقصد سے ماضی کی تلخیوں کو فراموش کرکے اتحاد قائم کرلیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ راہول گاندھی کہہ چکے ہیں کہ اترپردیش میں وہ کس طرح تنہا ہی محاذ آرائی کررہے ہیں چنانچہ بہار میں بھی وہی حکمت عملی اپنائیں گے۔ کانگریس کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آر جے ڈی نیشنل وائس پریسیڈنٹ شیوا نند تیواری نے کہا کہ قدیم اور عظیم پارٹی کو خیال رہے کہ وہ کس کے ساتھ مل کر انتخابی میدان میں اتر رہی ہے اور پارٹی سوچے کہ کیا بی جے پی کو شکست دینے کیلئے وہ اتحاد کررہی ہے یا پھر آپسی اختلافات سے زعفرانی پارٹی کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی بہار کی سب سے بڑی جنا دھار یعنی بنیاد پارٹی ہے اور اس بے عدم اتحاد سے خود کانگریس کا نقصان ہوگا اور عوام کو جوابدہ ہونا پڑے گا کہ آیا کون بی جے پی کو شکست دے سکتا ہے۔