پٹنہ۔5اکتوبر( ایجنسیز)بہار میں آئندہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیاں میدان میں آ چکی ہیں۔ بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹراور آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے بہار کی این ڈی اے حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں حکومت بدلنے جا رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دلت اور قبائلی طبقوں نے موجودہ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کا تہیہ کر لیا ہے۔تیجسوی یادو نے ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کرکے چیف منسٹرنتیش کمار پر جم کر تنقید کی ۔ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ کو اس قدر قابل رحم حالت میں دیکھ آپ کو کیسا لگ رہا ہے؟ بہار کی اکثریت اس کی حقیقت جاننا چاہتی ہے۔واضح ہو کہ تیجسوی یادو کے ذریعہ شیئر کردہ یہ ویڈیو کوشل کانووکیشن کا بتایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل ہوئے تھے۔