17 نئی اصلاحات متعارف،ووٹر کارڈ 15 دن میں ملے گا:گیانیش کمار
پٹنہ،5 اکتوبر (آئی اے این ایس) چیف الیکشن کمشنرگیانیش کمار نے کہا ہے کہ بہار میں خصوصی ووٹر فہرست نظرثانی مہم (سر) کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مہم مقررہ وقت کے اندر انجام دی گئی اور انتخابی فہرستوں کی درستگی، شفافیت اور اعتبار کو بڑھانے میں ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔ اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای سی نے کہا کہ بہار میں انتخابی تیاریاں مکمل رفتار سے جاری ہیں اور ریاست بھر کے 90 ہزار سے زائد بوتھ لیول افسران نے انتھک محنت سے یہ مہم مکمل کی ہے۔ انہوں نے ان افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ووٹر فہرستوں میں موجود خامیوں کو دورکیا گیا، جس سے صاف اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوگی۔ گیانیش کمار نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اس بار17 نئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن میں سے کئی بہار میں نافذ ہو چکی ہیں، جبکہ دیگر کو آئندہ انتخابات کے دوران نافذ کیا جائے گا۔ ان اصلاحات کا مقصد نہ صرف انتخابی عمل کو جدید بنانا ہے بلکہ عوام کے لیے ووٹنگ کو زیادہ آسان، شفاف اور قابلِ اعتماد بنانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر ووٹر کو ووٹر آئی ڈی کارڈ صرف 15 دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت انتخابی عمل کو تیز اور موثر بنائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بوتھ لیول افسران کو بھی کارڈ فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مقامی سطح پر ووٹر فہرست کی درستگی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔انتخابی اصلاحات کے ایک اہم فیصلے کے مطابق، اب کسی بھی پولنگ بوتھ پر زیادہ سے زیادہ 1200 ووٹر ہی درج کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد رائے دہی کے دن ہجوم، بدنظمی اور دیر سے ووٹنگ کے مسائل کو کم کرنا ہے۔ ماضی میں کچھ پولنگ مراکز پر ووٹرز کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے عوام کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔سی ای سی نے بتایا کہ انتخابی عمل میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو بھی نئی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اب انہیں پولنگ بوتھ سے 100 میٹر کے فاصلے پر اپنے اسٹال لگانے کی اجازت ہوگی تاکہ وہ ووٹرز کی رہنمائی کر سکیں۔ پہلے یہ فاصلہ زیادہ رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے جماعتوں کو دشواری پیش آتی تھی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی افسران کے لیے بھی نئی مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔ انتخابی رجسٹریشن افسران کو اب معاوضہ دیا جائے گا جبکہ بوتھ لیول افسران کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ان کی محنت کا اعتراف ہے ۔