پٹنہ: بہار کے سلطان گنج اور اگوانی کے درمیان گنگا ندی پر زیر تعمیر چار لین پل کا ایک بڑا حصہ اتوار کی شام دریا میں گر گیا۔ اس سے قبل بھی زیر تعمیر پل کا ایک حصہ گر گیا تھا۔ کھگڑیا۔اگوانی۔سلطان گنج کے درمیان زیر تعمیر پل کے گرنے کا ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق کھگڑیا کے پربتہ تھانہ علاقے سے تین پایوں پر کھڑا حصہ بھی ٹوٹ کر دریائے گنگا میں جا گرا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے عہدیدار موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی اس زیر تعمیر پل کا سوپر اسٹرکچر دریا میں گر گیا تھا۔ تیز آندھی اور بارش میں تقریباً 100 فٹ لمبا حصہ گر گیا تھا۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے سال 2014 میں اس پل کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔