تیجسوی، راہول گاندھی اور بی جے پی قائدین کی ریالیاں‘ عوام کو راغب کرنے کی کوشش
پٹنہ۔ 9؍نومبر ( ایجنسیز )بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے دوسرے اور آخری مرحلے کیلئے انتخابی تشہیر آج شام پانچ بجے ختم ہو گئی۔ 122 سیٹوں کیلئے ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی۔ آخری دن مہا گٹھ بندھن اور این ڈی اے نے عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپنا پورا زور لگا دیا۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سہسرام کے فاضل گنج اسٹیڈیم میں این ڈی اے امیدوار سنیہ لتا کی حمایت میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کیا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے روہتاس، اورنگ آباد اور کیمور اضلاع میں مسلسل ریلیاں کیں جس میں ووٹروں سے ایک بار پھر این ڈی اے حکومت کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ انتخابی سرگرمیاں آج اپنے عروج پر تھیں اور تمام سینئر لیڈران آج اپنی آخری کوشش میں تھے۔بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن اپوزیشن اور حکمراں اتحاد میدان میں اتر آیا ۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے سیتامڑھی، سمستی پور، مغربی چمپارن اور مدھوبنی میں چار ریلیاں کیں۔گرینڈ الائنس کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو، اروال، روہتاس، اورنگ آباد، جہان آباد اور کیمور میں پانچ عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کشن گنج اور پورنیا میں دو ریلیاں کیں جبکہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کیمور میں گوہ اور موہنیا میں این ڈی اے امیدواروں کے لیے اپیل کی۔ شام پانچ بجے انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں 122 نشستوں کیلئے 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ 122 نشستوں پر دوسرے اور آخری مرحلہ کے تحت 11 نومبر کو ووٹنگ کے دوران 45,399 پولنگ بوتھوںپر 3 کروڑ 70 لاکھ 13 ہزار 556 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے 136 خواتین، 1165 مرد امیدواروں سمیت کل 1302 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند کریں گے ۔ ووٹروں میں 1 کروڑ 95 لاکھ 44 ہزار 41 مرد ووٹر، 1 کروڑ 74 لاکھ 68 ہزار 572 خواتین اور 943 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 06 نومبر کو ہوئی جبکہ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی اور نتائج 14 نومبر کو آئیں گے ۔ موجودہ اسمبلی کی میعاد 22 نومبر کو ختم ہو رہی ہے ۔