بہار میں ذات پات کی گنتی پر پابندی ہٹی، پٹنہ ہائی کورٹ نے چیلنج کرنے والی تمام درخواستوں کو خارج کر دیا

   

پٹنہ: بہار حکومت کو پٹنہ ہائی کورٹ سے راحت ملی ہے۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے کل بہار حکومت کی جانب سے ذات پات کے سروے اور اقتصادی سماجی سروے پر سے پابندی ہٹا دی۔ اس کے ساتھ ہی اس سلسلے میں دائر تمام درخواستوں کو بھی خارج کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ونود چندرن اور جسٹس پارتھا سارتھی کی ڈویژن بنچ نے دیا اس سے قبل 7 جولائی کو اس معاملے کی سماعت کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ اس سے پہلے پٹنہ ہائی کورٹ نے سروے کرانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی تھی۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے ذات کی بنیاد پر گنتی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس پر عبوری روک لگا دی تھی۔