16 دنوں میں 25 اضلاع میں 1300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی
پٹنہ۔ 16 اگست (ایجنسیز) کانگریس نے جمعرات کو راہل گاندھی کی ‘ووٹ ادھیکار یاترا’ کی تفصیلات کو عام کیا۔ کانگریس کی جانب سے بہار میں ووٹر لسٹ پرخصوصی نظر ثانی کے خلاف احتجاج کیلئے یاترا 17 اگست سے ووٹ ادھیکار یاترا شروع ہو رہی ہے۔ 1,300 کلومیٹر طویل یاترا ساسارام (ضلع روہتاس) سے شروع ہوگی اور ریاست کے 38 میں سے 25 اضلاع کا احاطہ کرے گی اور یکم ستمبر کو ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں ایک جلسہ عام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ اس یاترا میں نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کی اتحادی جماعتوں بشمول راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، سی پی آئی (ایم ایل)، سی پی آئی (سی پی آئی)، سی پی آئی (ایم) اور وکاسیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے قائدین حصہ لیں گے۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی پرساد یادو اس یاترا کا نمایاں حصہ ہوں گے۔ راجیہ سبھا کے رکن اور بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ راہول گاندھی کل (17 اگست) ساسارام سے ووٹ ادھیکار یاترا شروع کر یں گے۔ یہ 1300 کلومیٹر طویل سفر ہو گا اور 16 دنوں میں مکمل ہو گا۔انہوں نے ریاست کے تمام باشعور ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس یاترا کی حمایت کریں اور اس میں حصہ لیں اور بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے درمیان ساز بازکو شکست دینے میں ان کی مدد کریں۔ الیکشن کمیشن نے یکم اگست کو ایس آئی آر ڈرافٹ ووٹر لسٹ شائع کی جس میں 7.24 کروڑ ووٹرز شامل تھے، لیکن 65 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام حذف کر دیے گئے۔ایس آئی آر کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے جمعرات کو ایک عبوری حکم جاری کیا جس میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ وہ 65 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کی تلاش کے قابل فہرست کو آن لائن دستیاب کرے۔