پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے جمعرات کو کہا کہ ریاست میں جیویکا (بہار دیہی روزی رورل پروجیکٹ) نے ایک جانب جہاں خواتین کو بااختیار بنایا ہے وہیں دوسری طرف انہیں معاشی طاقت بھی فراہم کی ہے ۔پرگتی یاترا کے دوران آج شیوہر ضلع میں 187 کروڑ روپے کی لاگت سے 231 اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد، نتیش کمار نے جیویکا دیدیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیویکا کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں مالی طاقت بھی مل رہی ہے ۔ سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے کئی کام کرائے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا ‘‘بہار میں جب ہم لوگوں کی حکومت بنی تو ہم نے سیلف ہیلپ گروپوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لیے سال 2000 میں ورلڈ بینک سے قرض لے کر سیلف ہیلپ گروپس کو بڑھانے کا کام شروع کیا گیا تھا۔ سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ خواتین کا نام جیویکا دیدی ہم نے دیا۔ بہار میں خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے کئی کام کیے گئے ہیں، آپ سبھی یہ یاد رکھئے گا۔