پٹنہ : بہار کے سارن ضلع میں شراب پینے سے تقریباً 40 افراد کی موت کے بعد اس پر سیاست بھی شروع ہوگئی ہے۔ پانچ صوبوں میں شراب کی خرید و فروخت پر پابندی ہے تاہم وہاں بھی شراب پینے کے باعث اموات کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ بہار کے سارن ضلع کے مسرخ اورعیسیٰ پور قصبات میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک 39 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ بہت سے افراد زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے اس سانحہ کے سلسلے میں اب تک 40 مشتبہ شراب اسمگلروں کو حراست میں لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس واقعہ کی انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے۔