پٹنہ: بہار کے موتیہاری میں زہریلی شراب پینے سے 22 افراد کی موت کی خبر ہے، جبکہ دیگر 25 افراد کو علاج کیلئے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زہریلی شراب سے اموات کا یہ سانحہ لکشمی پور پہاڑور، ہرسدھی میں پیش آیا۔ جن 25 افراد کی طبیعت خراب ہے ان کا علاج صدر ہاسپٹل میں چل رہا ہے۔ بہار میں اس سے قبل بھی زہریلی شراب پینے سے متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ریاست میں شراب نوشی ممنوع قرار دی گئی ہے۔معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ ایکشن میں ہے۔ ضلع مجسٹریٹ سوربھ جوروال نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ صدر اور اریراج کے سب ڈویژنل افسران متاثرہ دیہات کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کئی متاثرہ افراد بینائی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔بہار کے سارن ضلع میں گزشتہ سال زہریلی شراب پینے سے 40 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملہ پر قومی انسانی حقوق کمیشن نے ایک رپورٹ کے ذریعے نتیش حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔ جس کے بعد اپوزیشن بی جے پی نے نتیش حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انتظامیہ نے تاحال صرف6افراد کے موت کی تصدیق کی ہے۔ پولس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ اس معاملے میں سات لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شراب پینے کے بعد لوگوں کو کمزوری اور دیکھنے میں پریشانی کا سامنا ہے۔