پٹنہ26جولائی (یواین آئی) بہار حکومت نے ریاست کے اہل صحافیوں کو ہر ماہ 15 ہزار روپے پنشن دینے کا اعلان کیا ہے ۔بہار حکومت نے اہل صحافیوں کو ملنے والی چھ ہزار روپے ماہانہ پنشن کی رقم بڑھاکر15 ہزار روپے کر دی ہے ۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتہ کو ایکس پر لکھا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بہار پترکار سمان پنشن یوجنا کے تحت اب محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام اہل صحافیوں کو ہر ماہ چھ ہزار روپے کی بجائے 15 ہزار روپے پنشن کی رقم فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار پترکار سمان پنشن یوجنا کے تحت پنشن حاصل کرنے والے صحافیوں کی موت کی صورت میں ان کے زیر کفالت شوہر ، بیوی کو تاحیات تین ہزار روپے ماہانہ کے بجائے دس ہزار روپے پنشن کی رقم دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت میں صحافیوں کا اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی جمہوریت کا چوتھا ستون ہیں اور سماجی ترقی میں ان کا اہم کردار ہے ۔ حکومت شروع سے ہی صحافیوں کی سہولیات کا خیال رکھ رہی ہے تاکہ وہ غیر جانبداری کے ساتھ اپنی صحافت کو جاری رکھ سکیں اورریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی باعزت طریقے سے گزارسکیں۔