بہار میں صحافی کا برسرعام گولی مار کر قتل

,

   

پٹنہ :بہار کے ارریہ ضلع کے رانی گنج علاقے میں بے خوف بدمعاشوں نے جمعہ کے روز ایک روزنامہ کے صحافی ومل کمار کا گولی مار کر قتل کر دیا اور بلاخوف فلمی انداز میں وہاں سے چلتے بنے۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح رانی گنج کے پریم نگر واقع رہائش سے صحافی ومل کمار بد معاشوں نے گھر سے باہر بلایا ۔ انہو نے جیسے ہی دروازہ کھول کر باہر نکلنے بد معاشوں نے انھیں گولی مار دی۔ گولی لگنے سے ان کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جرائم پیشوں کی تعداد چار سے پانچ تھی جو بائک پر سوار ہو کر آئے تھے۔ افراد خاندان کا کہنا ہے کہ دو سال قبل ومل کے بڑے بھائی کا قتل بھی جرائم پیشہ افراد نے کیا تھا۔ اس معاملے میں ومل اہم گواہ تھے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گواہ ہونے کی وجہ سے ہی بدمعاشوں نے انھیں نشانہ بنایا ہو۔پولیس نے ومل کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ارریہ صدر اسپتال بھیج دیا ہے اور پورے معاملے کی تمام زاویوں سے جانچ شروع کر دی ہے۔ ومل کمار کو ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ واقعہ کے بعد سے افراد خاندان کا رو رو کر برا حال ہے۔ اس واقعہ سے صحافیوں میں بھی زبردست غم و غصہ ہے جبکہ محلہ میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے اس واقعہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ ایک دن قبل ہی نتیش کمار نے کہا تھا کہ بہار میں جرائم کی شرح کم ہے لیکن آج اس واقعہ کے بعد اپوزیشن جماعتیں بہار حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے ۔