آٹھ دن کا موقع‘ یکم اگست کو ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری ہوگا: الیکشن کمیشن
نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) بہار کی ووٹر لسٹوں پر نظرثانی کے خصوصی عمل میں تاحال صرف 5.8 فیصد ووٹروں کے فارم جمع ہونے باقی ہیں۔ یہ اطلاع کمیشن کی طرف سے آج شام جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دی گئی۔عہدیداروں کو اب تک پتہ چلا ہے کہ ریاست کی فہرست میں 4.5 فیصد نام ایسے لوگوں کے ہیں جو یا تو انتقال کرگئے ہیں یا مستقل طور پر نقل مکانی کرچکے ہیں یا فہرست میں کئی مقامات پر ان کے نام درج ہیں۔کمیشن کو موصولہ گنتی کے فارموں کی بنیاد پر ریاست کی نئی ووٹر لسٹ کا مسودہ یکم اگست کو جاری کیا جانا ہے ۔ کمیشن کی طرف سے گھر گھر تقسیم کردہ گنتی کے فارموں کو بھرنے کے لیے تمام ووٹروں کے لیے ابھی آٹھ دن باقی ہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ ریاست میں کل 7,89,69,844 رجسٹرڈ ووٹر میں سے 7,08,18,162 ووٹروں نے آج شام 6 بجے تک 7,08,18,162 ووٹرس نے اپنے فارم جمع کرائے ہیں۔ ان میں سے 6,70,59,222 فارم کمیشن کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔کمیشن کے مطابق 35,69,435 ووٹر پتے پر نہیں ملے ۔ ان میں سے اب تک 12,55,620 غالباً انتقال کرچکے ہیں اور 17,37,336 نے مستقل طور پر اپنی رہائشگاہ تبدیل کرلی ہے ۔ علاوہ ازیں 5,76,479 ایسے ووٹروںکی نشاندہی کی گئی ہے جو ایک سے زائد جگہوں پر رجسٹرڈ ہیں۔کمیشن کے مطابق اب 45,82,247 ووٹرز کے گنتی فارم موصول ہونا باقی ہیں۔ریاست کا کوئی بھی ووٹر ECI-Net ایپ یا ویب سائٹ voters.eic.gov.in پر اپنے گنتی کے فارم دیکھ سکتا ہے ۔ریاست بھر کے تمام 261 اربن لوکل باڈیز (ULBs) کے تمام 5,683 وارڈوں میں خصوصی کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ ووٹروں کو فارم بھرنے میں مدد ملے ۔کمیشن نے کہا ہے کہ جو لوگ عارضی طور پر بہار سے باہر نقل مکانی کر گئے ہیں وہ بھی اپنے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے ای سی آئی نیٹ ایپ کے ذریعے یا https://voters.eci.gov.in کے ذریعے آن لائن موڈ میں گنتی فارم بھر سکتے ہیں۔ وہ پہلے سے بھرے ہوئے گنتی فارم کو بھی ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں اور اپنے بھرے ہوئے فارم کو براہ راست یا فیملی کے ذریعے واٹس ایپ یا کسی دوسرے ذریعے سے بی ایل او کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔
بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے تاحال 19 افراد ہلاک
پٹنہ ۔17؍جولائی (ایجنسیز ) بہار میں موسلا دھار بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔تاحال19افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بجلی گرنے کے واقعات پٹنہ، بانکا، ویشالی، شیخ پورہ، نوادہ، جہان آباد، اورنگ آباد، جموئی، سمستی پور اور نالندہ میں ہوئے۔مجموعی طور پر صرف آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 19 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر واقعات میں مرنے والی کی تعداد علیحدہ ہے۔