پرشانت کشور کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج ۔ سیاسی حکمت عملی ساز پر بی جے پی کی مدد کا الزام : تیجسوی یادو
پٹنہ ۔ بہار میں پبلک سرویس کمیشن امتحان کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کرنے والے طلبا پر پولیس کے لاٹھی چارج پر ایک بڑا سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور پولیس نے انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور اور دوسرے 700 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے طلبا کو اشتعال دلایا اور لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا کیا ۔ ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتادل نے پرشانت کشور پر تنقید کرتے ہوئے ان پر احتجاج کو ناکام بنانے کا الزام عائد کیا ۔ اسمبلی میں قائد اپوزیشن تیجسوی یادو نے حالانکہ مسٹر کشور کا نام نہیں لیا تاہم کہا کہ کچھ لوگ بی جے پی کی بی ٹیم کا رول ادا کرتے ہوئے احتجاجیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ بہار میں 13 ڈسمبر سے طلبا کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ان کا الزام ہے کہ بہار پبلک سرویس کمیشن کے بھرتیوں سے متعلق امتحان میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اس لئے اس کا دوبارہ انعقاد عمل میں لایا جانا چاہئے ۔ طلبا کا الزام ہے کہ پرچہ سوالات کا افشاء ہوگیا تھا ۔ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ پرچہ سوالات کی تقسیم میں تاخیر ہوئی تھی اور کچھ طلبا کو ایک گھنٹے کی تاخیر سے پرچہ سوالات دیا گیا تھا ۔ کچھ دوسرے طلبا کا کہنا ہے کہ ان کے جوابی بیاض پھاڑ دئے گئے تھے ۔ یہ احتجاج پٹنہ میں گردنی باغ میں کیا جا رہا ہے ۔ پرشانت کشور کی جن سوراج نے گذشتہ ہفتے احتجاج کا اعلان کیا تھا اور چھاتر سنسد اتوار کو منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ کل رات احتجاجی طلباء برادری پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا تھا تاکہ انہیں منتشر کیا جاسکے ۔ اسکے بعد آج بہار کے کئی علاقوں میں طلبا نے احتجاج کیا ۔ اس دوران ایک ویڈیو آج وائرل ہوا ہے جس میں پرشانت کشور طلبا برادری سے بات چیت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طلبا نے ان کے ساتھ بحث تکرار کی اور الزام عائد کیا کہ وہ طلبا کو دھمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر و قائد اپوزیشن تیجسوی یادو نے ساری صورتحال پر اپنے رد عمل میں کہا کہ جو لوگ تنخواہ یافتہ عملہ اور ملازم رکھتے ہیں وہ سیاست کو بھی دوکانداری سمجھ بیٹھے ہیں ۔ جس طرح سے وہ اپنے کارکنوں اور ملازموں پر دھونس جماتے ہیں اسی طرح عوام اور طلبا پر بھی دھونس جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے پرشانت کشور کا نام لئے بغیر یہ رد عمل ظاہر کیا ۔پرشانت کشور بہار میں انتخابی سیاست میں سرگرم ہوچکے ہیں ۔