پٹنہ : بہار میں کورونا کی دوسری لہر کے کم ہونے کے بعد ریاستی حکومت نے گذشتہ پانچ مئی سے جاری لاک ڈاؤن کو ختم کرتے ہوئے بدھ سے آئندہ ایک ہفتہ کیلئے شام 7:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک نائٹ کرفیو نافذکرنے کا فیصلہ لیاہے ۔وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں آفات منیجمنٹ گروپ( سی ایم جی ) کی منگل کو ہوئی میٹنگ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے اور بدھ سے آئندہ ایک ہفتہ کیلئے شام 7.00 بجے سے صبح 5.00 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مسٹر کمار نے خود سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے اس کی جانکاری دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے کورونا انفیکشن کے معاملوں میں کمی آئی ہے ۔ اس لئے لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے شام 7.00 بجے سے صبح 5.00 بجے تک نائٹ کرفیو جاری رہے گا۔مسٹر کمار نے کہاکہ 50 فیصد حاضری کے ساتھ پرائیوٹ دفاتر سہ پہر چار بجے تک کھلیںگے ۔ دکان کھلنے کی مدت بھی شام پانچ بجے تک بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اب پرائیوٹ گاڑیوں کو نائٹ کرفیو کو چھوڑ کر دیگر اقات میں چلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔