نئی دہلی: بہار میں معاون اردو مترجمین کی تقرری کا معاملہ زیر التوا ہونے کے سبب امیدواروں کی بڑھتی پریشانی سے آگاہ کراتے ہوئے انجمن محافظ اردو بہار گیا نے وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار اس معاملے میں مداخلت کرکے اسے جلد از جلد حل کرانے کی اپیل کی ہے ۔انجمن محافظ اردو بہار گیا کے جنرل سکریٹری سید فضل وارث جاری بیان میں کہا کہ معاون اردو مترجمین کی تقرری کا معاملہ حل کرنے کیلئے سمادھان یاترا کے دوران گیا میں قابل احترام وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار کو میمورنڈم بھی دیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آپایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں صوبہ بہار میں معاون اردو مترجمین کی تقرری کا معاملہ چل رہا ہے ۔ تقرری نہیں ہورہی ہے ۔ کامیاب امیدوار متعلقہ افسران کو درخواست دے چکے ہیں، وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ بہار کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے لیکن معاملہ زیر التوا ہے۔ نائب اردو مترجمین کے خالی عہدوں پر تقریر کیلئے نو ٹیفیکشن نومبر 2019ء میں ہوا تھا جس کا امتحان 2022ء میں ہوا۔