پٹنہ ۔ بہار میں انفیکشن کے معاملوں میں آئی کمی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے نائٹ کرفیو کو ایک گھنٹہ کم کیاہے ، وہیں سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر اور دکانوں کو ایک گھنٹہ زائد کھلا رکھنے کی اجازت دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آفات مینجمنٹ گروپ ( سی ایم جی ) کی منگل کو ہوئی میٹنگ کے بعد خود سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے بتایاکہ کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ایک ہفتہ تک یعنی مورخہ 16 جون سے 22 جون تک پابندیوں میںنرمی کرتے ہوئے اب سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر 5 بجے تک ، دکانیں اور ادارے 6 بجے شام تک کھلی رہیںگی ۔ نائٹ کرفیو رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا۔ غور طلب ہے کہ اس سے قبل8 جون کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد شام 7.00 بجے سے صبح 5.00 بجے تک نائٹ کرفیو جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا ۔ اسی طرح 50 فیصد حاضری کے ساتھ سرکاری اور پرائیوٹ دفاتر چار بجے تک اور دکان اور اداروں کو پانچ بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی تھی ۔