بہار میں ووٹر لسٹ مسودہ کی آج اجرائی

   

الیکشن کمیشن نے دعوے اور اعتراضات طلب کئے
پٹنہ، 31 جولائی (یواین آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے آج ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہارووٹر لسٹ کا مسودہ یکم اگست بروز جمعہ شائع کیا جا رہا ہے ۔کمشنر نے کہا کہ یہ اشاعت خصوصی نظر ثانی کی دفعات میں درج پیرا 7 (4) کے تحت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فہرست کی اشاعت کے ساتھ ہی ریاست کے تمام 38 اضلاع میں متعلقہ ضلع الیکشن افسر کے ذریعہ اس فہرست کی ڈیجیٹل اور فزیکل کاپیاں تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو دستیاب کرائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس عمل کے تحت ریاست کے 243 حلقوں میں چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر یکم اگست سے یکم ستمبر تک دعوے اور اعتراضات طلب وقبول کریں گے ۔اس ایک ماہ کی مدت میں کوئی بھی اہل ووٹر، جس کا نام فہرست میں نہیں ہے ، نام شامل کرنے ، کسی نااہل نام کو حذف کرنے یا اس میں تصحیح کے لیے درخواست دے سکتا ہے ۔کمشنر کے مطابق، کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس عمل کا مقصد آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ایک صاف، اپ ڈیٹ اور غلطی سے پاک ووٹر لسٹ تیار کرنا ہے ۔ کمیشن نے تمام شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے ووٹر تفصیلات کی بروقت جانچ کر کے درست کرلیں۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اس اقدام پر تنقیدیں کی جارہی ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی اس پر بحث ہورہی ہے ۔