نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے کام کو لوگوں کو اپنے حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا کرکے جمہوریت کے قتل کی سازش رچی جارہی ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں منگل کے روز بہار میں ووٹروں پر نظرثانی کے خلاف انڈیا اتحاد کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ احتجاج میں حصہ لینے کے بعد کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کے نام پر ووٹ چوری کرنے کا کھیل کھیل رہی ہے ۔ اس سے قبل مہاراشٹرا میں بھی ایسی ہی کارستانی ہو چکی ہے اور ووٹ چوری کا یہ کھیل اب بہار میں بھی جاری ہے ۔ اسے ‘ووٹ بندی’ کہتے ہوئے انہوں نے اسے ووٹروں کا حق چھیننے کی سازش قرار دیا۔انہوں نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے پر سوشل میڈیا پوسٹ میں مطلع کرتے ہوئے کہا کہ ” لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور انڈیا الائنس کے معزز رہنماؤں کے ساتھ پارلیمنٹ کمپلیکس میں بہار کی ووٹ بندی کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔” پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کا یہ عمل جمہوریت کا قتل ہے ، اسی لیے ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ یہ بالکل غلط ہے ۔ پہلے مہاراشٹرا میں ووٹر لسٹ میں ووٹروں کو شامل کرکے الیکشن چرایا گیا اور اب بہار میں ووٹروں کے نام حذف کرکے ایسا ہی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے نام پر ‘ووٹ بندی’ کا نفاذ آئین میں لوگوں کو دیئے گئے ووٹ کے حق کو چھیننے کی سازش ہے ۔ کانگریس اور اپوزیشن اتحاد آئین ہند کو کچلنے کی ہر کوشش کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں۔