بہار میں پبلک سرویس کمیشن امیدواروں پر پولیس لاٹھی چارج

,

   

طلبا دوبارہ مسابقتی امتحان کے مطالبہ پر اٹل ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کیلئے اصرار ۔ چیف سکریٹری سے ملاقات کی تجویز مسترد

پٹنہ : بہار میں پبلک سرویس کمیشن امیدواروں کی جانب سے دوبارہ امتحان کے مطالبہ پر جاری احتجاج آج شدت اختیار کرگیا جس کے بعد پولیس نے احتجاجیوں پر پانی برسایا اور لاٹھی چارج کیا گیا ۔ ان امیدواروںک ا مطالبہ ہے کہ 70 ویں مشترکہ مسابقتی امتحان کا دوبارہ انعقاد عمل میں لایا جائے ۔ قبل ازیں آج دن میں ہزاروں طلبا گاندھی میدان میں جمع ہوئے اور پھر انہوں نے جے پی گولمبر کی سمت مارچ شروع کیا ۔ ان کا ارادہ چیف منسٹر نتیش کمار کی قیامگاہ کی سمت مارچ کرنا تھا ۔ پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ بہار پبلک سرویس کمیشن کے امیدواروں کا مطالبہ ہے کہ چیف منسٹر نتیش کمار ان سے ملاقات کریں اور اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جائے ۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن نے پیر کو چکا جام کا اعلان کیا ہے ۔ یہ احتجاج طلباء پر پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے خلاف کیا جا رہا ہے ۔ جن سواراج کے بانی پرشانت کشور بھی احتجاج کا حصہ بن گئے ہیں اور انہوں نے طلباء کیلئے مکمل تائید کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے جے پی گولمبر تک مارچ میںشرکت کی جہاں انہوں نے اعلان کیا کہ پانچ رکنی طلبا کا وفد چیف سکریٹری سے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کریگا ۔ پرشانت کشور نے کہا کہ اگر کوئی خاطر خواہ فیصلہ نہیں کیا گیا تو طلبا کی جانب سے دوسرے دن پھر احتجاج شروع کردیا جائیگا ۔ تاہم طلبا نے چیف سکریٹری سے ملاقات کی تجویز مسترد کردی اور احتجاج کے مقام سے دستبرداری سے انکار کردیا جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منشتر کرنے طاقت کا استعمال کیا ۔ پرشانت کشور گاندھی میدان واپس ہوئے جبکہ طلبا اپنے مقام پر موجود رہے ۔ قبل ازیں انہوں نے گاندھی میدان پر چھاتر سنسد منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جو طلباء کے مسائل پر غور کیلئے منعقد ہوگی ۔