پٹنہ: لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظر ملک کے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار بہار کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے پٹنہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بہار میں پہلی بار ووٹ دینے والوں کی تعداد 9.26 لاکھ ہے۔ بہار میں جملہ 7.64 کروڑ ووٹرس ہیں، جن میں سے 4 کروڑ مرد اور 3.6 کروڑ خواتین ہیں۔ 21,689 ووٹرز کی عمر 100 سال سے زیادہ ہے اور 9.26 لاکھ پہلی بار ووٹ دینے والے ہیں۔ کمیشن نے 16.7 لاکھ ووٹروں کے نام موت یا جگہ کی تبدیلی کی وجہ سے ہٹا دیے ہیں۔ بہار میں پارلیمنٹ کی کل 40 سیٹیں ہیں۔ان میں سے 34 جنرل کیلئے اور چھ شیڈول کاسٹ کیلئے محفوظ ہیں۔ 2019 کے مقابلے بہار میں خواتین ووٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن کے افسران نے تمام قومی اور علاقائی پارٹیوں کے لیڈران سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی پارٹیوں عآپ، بی ایس پی، بی جے پی، کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے علاوہ علاقائی پارٹیوں جے ڈی یو، آر جے ڈی، ایل جے پی، ایل جے پی-رام ولاس، سی پی آئی۔ایم ایل قائدین سے بھی ملاقات کی گئی۔ ان پارٹیوں نے اپنے کچھ مطالبات سامنے رکھے ہیں۔
