۔94 اسمبلی حلقوں کیلئے انتخابی مہم ختم ، تیجسوی یادو کی قسمت کا فیصلہ ہوگا ،مدھیہ پردیش میں ضمنی انتخابات
پٹنہ : بہار میں دوسرے مرحلہ کے اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم ختم ہوگئی ۔ 94 اسمبلی سیٹوں پر منگل /3 نومبر کو رائے دہی ہوگی ۔ آج شام 6 بجے انتخابی مہم ختم ہوتے ہی تمام امیدوار عوامی رابطے کیلئے رائے دہندوں تک گھر گھر پہنچ رہے ہیں ۔ ان 94 اسمبلی حلقوں کیلئے انتخابی میدان میں 146 خواتین اور 1316 مرد امیدوار سمیت 1463 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ /3 نومبر کو 41,362 پولنگ مراکز پر 2 کروڑ 86 لاکھ11 ہزار 164 رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں قید کردیں گے ۔ مہاراج گنج اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 27 اور درولی (محفوظ) اسمبلی حلقہ میں سب سے کم 4 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے اس دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ میں ریاستی وزیر تعمیرات بھاریہ جنتاپارٹی کے امیدوار نندکشور یادو ، وزیر دیہی ترقیات اور جنتادل یو امیدوار شراون کمار ، راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) صدر لالو پرساد یادو کے بیٹے اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی پرساد یادو ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو ، وزیر رام سیوک سنگھ ، لالو پرساد کے سمدھی چندریکا رائے ، کالی پانڈے ، نتن نوین ، کانگریس لیڈر اور اداکار شتروگھن سنہا کے بیٹے لو سنہا ، آر جے ڈی کے پرنسپال جنرل سکریٹری اور سابق وزیر آلوک کمار مہتا ، سابق رکن پارلیمنٹ لولی آنند ، سابق پارلیمنٹ راما سنگھ کی اہلیہ بینا سنگھ ، شیوہر سے مسلسل دو مرتبہ رکن اسمبلی رہنے والے محمد شرف الدین کی قسمت داؤ پر لگی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ دوسرے مرحلہ کے انتخاب میں سب سے زیادہ 56 امیدوار آر جے ڈی کے ہیں ۔ جے ڈی یو کے 43 ، بی جے پی کے 45 ، لوک جن شکتی پارٹی 52 ، آر ایل ایس پی 36 ، بہوجن سماج پارٹی 33 ، راشٹروادی کانگریس پارٹی 29 ، کانگریس 24 ، سی پی آئی اور سی آئی ایم کے 4 ، 4 سمیت رجسٹر اور قومی جماعتوں کے جملہ 623 اور آزاد 513 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمارہے ہیں ۔ مدھیہ پردیش ضمنی انتخابات کیلئے بھی انتخابی مہم آج شام ختم ہوگئی ۔ یہاں پر 28 اسمبلی حلقوں کیلئے انتخابات ہورہے ہیں ۔ کانگریس سے علحدہ ہوکر بی جے پی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے بعد ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ۔ /3 نومبر کو رائے دہی ہوگی ۔
