پٹنہ ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی لیڈر کنہیا کمار کے قافلہ پر آج شام حملہ کیا گیا۔ سی اے اے، این پی آر، این آر سی کے خلاف بہار میں مہم چلانے کیلئے ریاست گیر دورہ کرنے والے کنہیا کمار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جے این یو کے سابق اسٹوڈنٹ لیڈر ہجوم کی سنگباری میں بال بال بچ گئے۔ اگرچہ کہ ان کے قافلہ میں شامل گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے اور اس کا ڈرائیور زخمی ہوا۔ ایس پی اسپیشل ٹاسک فورس سدھیر کمار پوریکا نے کہا کہ اس حملہ کے بعد قافلہ اپنی دوسری منزل کی طرف روانہ ہوا۔ حملہ آوروں کی شناخت کیلئے تحقیقات کی جارہی ہے اور خاطیوں کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔ ایک ہفتہ کے اندر کنہیا کمار کے قافلہ پر دوسری مرتبہ حملہ کیا گیا ہے۔ یکم ؍ فبروری کو بھی ضلع سہارن میں حملہ کیا گیا تھا۔ 30 جنوری سے کنہیا کمار نے جن گن من یاترا شروع کی ہے۔ ریاست گیر دورہ کے موقع پر کنہیا کمار کے ہمراہ کانگریس کے رکن اسمبلی شکیل احمد خاں بھی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور نظم و نسق کی لاپرواہی کے باعث یہ حملہ ہوا ہے۔