مذہبی مقامات بھی بند، ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز ، 550 سے زائد افراد فوت
پٹنہ ۔بہار میںدن بدن کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر نتیش کمار کی حکومت نے بہار میں ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن لاگو کرنے کا فیصلہ کیا۔ بہار میں 16 سے لے کر 31 جولائی تک مکمل لاک ڈاون رہے گا۔ حالانکہ اس دوران سبھی ایمرجنسی خدمات بحال رہیں گی۔بہار میں کورونا متاثرین کی تعداد اب 18,853 تک پہنچ گئی ہے۔ آج 1,432 نئے معاملات سامنے آئے ہیں ، جس کی وجہ سے ہنگامہ مچ گیا ہے۔ ایک دن میں کورونا نے اپنا ریکارڈ توڑتے ہوئے لوگوں کو دہشت میں مبتلا کردیا ہے۔ سب سے زیادہ معاملات پٹنہ میں سامنے آئے ہیں ، جہاں 162 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ پٹنہ میں لاک ڈاون لگا ہوا ہے۔ تاہم کورونا کے معاملات دن بہ دن بڑھتے ہی جارہے ہیں۔واضح رہے کہ کورونا اب سیاسی گلیاروں میں بھی داخل ہوچکا ہے۔ بی جے پی دفتر میں ایک ساتھ 70 لوگ کورونا کی زد میں آگئے ہیں تو وہیں محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری عامر سبحانی بھی کورونا کے شکار ہوگئے ہیں۔ کئی آئی اے ایس افسر اور سیاسی لیڈران کورونا کے شکار ہوگئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ نئے مریضوں کیلئے اسپتال میں بیڈ نہیں مل رہا ہے ، جس کے سبب لوگ دہشت میں ہیں۔ کورونا کے نام پر بنائے گئے تمام دواخانوں کا بیڈ مریضوں سے بھر چکا ہے۔ ایسے میں حکومت کے سامنے اس مسئلہ سے نمٹنا بھی ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ادھر پٹنہ کے اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرس اور نرس سمیت میڈیکل اسٹاف بھی کورونا کے شکار بنے ہیں۔ محکمہ صحت بھلے ہی حالات کو قابو میں کرنے کا دعویٰ کر رہا ہو ، لیکن حالات قابو سے باہر نظر آرہے ہیں۔
کورونا کی تعداد بڑھنے کے سبب لاک ڈاؤن میں سڑکیں ویران ہوگئی ہیں اور لوگ دہشت کے سبب اپنے اپنے گھروں میں قید ہورہے ہیں۔ جبکہ روز کھانے کمانے والے لوگوں کی ایک مرتبہ پھر سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔واضح رہے کہ منگل کے روز صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 28498 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 9,06,752 ہوگئی ہے ۔ اس سے قبل اتوار کو 28,637 اور پیر کو 28,701 کیسیس رپورٹ ہوئے تھے اور ان کے مقابلہ میں متاثرین کی تعداد میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسیس کے درمیان راحت پہنچانے والی بات یہ ہے کہ اس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 17,989 مریض شفایاب ہو چکے ہیں جس سے یہ تعداد بڑھ کر5,71,460ہوگئی ہے ۔ ابھی ملک میں کورونا وائرس کے 3,11,565 فعال کیسز ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 553ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 23,727 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6497نئے کیسزرپورٹ کئے گئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2,60,924 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران 193 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔