نیشنل کنفیڈریشن آف دلت اینڈ آدیواسی ایسوسی ایشنز کے سروے میں انکشاف
پٹنہ۔20؍جولائی ( ایجنسیز)بہار میں ووٹر لسٹ پر گہری نظر ثانی کے درمیان ایک سروے سامنے آیا ہے جس میں بہار میں 27.4فیصد دلت ووٹرس کو الیکشن کمیشن آف انڈیا پر بھروسہ نہیں ہے۔ ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جاری کیے گئے ایک نئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں 58فیصد سے زیادہ درج فہرست ذات (SC) ووٹروں کا خیال ہے کہ آنے والے انتخابات میں بے روزگاری سب سے بڑامسئلہ ہے۔یہ سروے نیشنل کنفیڈریشن آف دلت اینڈ آدیواسی ایسوسی ایشنز کی طرف سے کیا گیا جو ملک بھر میں سینکڑوں انجمنوں کا ایک مجموعہ ہے۔ این اے سی ڈی اے او آر کے چیئرمین اشوک بھارتی نے میڈیا کو بتایا کہ اس میں ریاست بھر سے کل 18,581 ایس سی ووٹرز کا احاطہ کیا گیا اور 10 جون سے 4 جولائی کے درمیان سروے منعقد کیا گیا۔
بہار میں ہر اہل ووٹر سے رابطہ کرنے کی ہر ممکن کوشش: الیکشن کمیشن
یکم اگست کونئی ووٹر لسٹ کے مسودہ کی اجرائی ‘ اعتراضات بھی قبول کئے جائیں گے
نئی دہلی ۔20؍جولائی( ایجنسیز)الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ تشہیر کر رہا ہے کہ بہار میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہرائی سے نظرثانی کے دوران ریاست میں رہنے والا کوئی بھی اہل شہری فہرست سے باہر نہ رہے۔کمیشن نے ایک ریلیز میں کہا کہ بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او) پہلے ہی تین بار سے زیادہ گھر گھر جا کر ووٹروں سے رابطہ کر چکے ہیں۔ پوری انتخابی مشینری کی منظم کوششیں بھی شروع کر دی گئی ہیں جن میں ووٹروں سے رابطہ کرنے کیلئے بی ایل او کے ایک اور دورے کا انتظام بھی شامل ہے جو ابھی تک رہ گئے ہیں۔ ووٹروں کیلئے گنتی کے فارم جمع کرانے میں 25 جولائی تک کا وقت ہے۔ نئی ووٹر لسٹ کا مسودہ یکم اگست کو جاری کیا جائے گا اور اس پر دعووں اور اعتراضات کا موقع دیا جائے گا اور 30 اگست تک ترامیم کی جا سکیں گی۔کمیشن نے بتایا کہ ہفتہ کی شام تک اس مہم میں کی جا رہی گنتی میں 95.92 فیصد ووٹروں کی گنتی ہو چکی ہے اور 5.27 فیصد ووٹر اپنے پتہ سے غائب پائے گئے ہیں۔ ان غیر حاضر ووٹرز میں سے 1.81 فیصد کی ممکنہ طور پر موت ہوچکی ہے، 2.50 فیصد نے مستقل طور پر اپنی رہائش گاہ تبدیل کر لی ہے، 0.95 ووٹرز کے نام ایک سے زیادہ جگہوں پر رجسٹرڈ پائے گئے ہیں اور 0.01 (یعنی 11 ہزار) ووٹرز کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔موجودہ فہرست میں مردہ، منتقلی یا ایک سے زیادہ جگہوں پر رجسٹرڈ اور لاپتہ ووٹرز کی کل تعداد 3223023 بتائی جارہی ہے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ووٹر لسٹ پر گہری نظرثانی کے بعد بڑی تعداد میں ووٹروں کے ناموں کو حذف کیا جاسکتا ہے جن کی تعداد تقریباً 41 لاکھ ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اِس اقدام پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقیدیں کی جارہی ہیں۔