نئی دہلی : بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر منگل کو یہاں کانگریس کی ایک حکمت عملی میٹنگ ہوئی جس میں پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی سمیت کئی بڑے لیڈروں نے شرکت کی۔ بہار پردیش کانگریس لیڈروں کی کانگریس قیادت کے ساتھ یہ میٹنگ یہاں پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ہوئی۔ میٹنگ میں پارٹی کے ریاستی لیڈروں کے ساتھ بہار میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور بہار میں پارٹی کی زمینی سطح کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کھڑگے اور مسٹر گاندھی کے علاوہ کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، ریاستی کانگریس کے صدر راجیش کمار، لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار اور پارٹی لیڈر طارق انور سمیت کئی سرکردہ لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ ان لیڈروں نے میٹنگ کے دوران بہار اسمبلی انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔