حیدرآباد 8 نومبر (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے 37 سالہ نوجوان کے تعاقب کیلئے 30 ہیلی کاپٹرس کرایہ پر حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل قائد تیجسوی یادو نے بہار انتخابی مہم کے دوران یہ دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے ان کے تعاقب کیلئے 30 ہیلی کاپٹرس کرایہ پر حاصل کرکے ان کے مرکزی وزراء کے علاوہ سرکردہ قائدین کو ان کے تعاقب کیلئے لگایا ہوا ہے اس کے باوجود بہار میں آر جے ڈی کی کامیابی کو کوئی روک نہیں پائے گا۔ بہار میں مہاگٹھ بندھن کے چیف منسٹر کا چہرہ تیجسوی یادو کی کامیابی کو روکنے بی جے پی کی مرکزی قیادت کے علاوہ ملک بھر میں موجود مختلف مددگار سیاسی جماعتوں کیلئے محصلہ ہیلی کاپٹرس کا حوالہ دیتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں کوئی باہری کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا بلکہ بہار کے عوام ’بہار کے بیٹے ‘ کوووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ بہار میں بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگاکر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ تیجسوی یادو ‘ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی مجموعی طور پر بی جے پی و جے ڈی یو قیادت کے خلاف محاذ کی قیادت کر رہے ہیں علاوہ ازیں سماج وادی قائد اکھلیش یادو نے بھی مسلسل بہار میں مہاگٹھ بندھن کیلئے انتخابی مہم چلائی اور اس کا سلسلہ جاری ہے۔ مہا گٹھ بندھن کے چیف منسٹر امیدوار تیجسوی یادو نے کل دن بھر 18 انتخابی جلسوں سے خطاب کیا اور کہا کہ بہار میں کسی باہری کو ووٹ حاصل ہونے والے نہیں ہیں اور جو لوگ بہار کو باہری لوگوں کے پاس رہن رکھواتے ہیں ان کی کامیابی بھی خواب بن کر رہ گئی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ملک بھر کے عوام کی نظریں مرکوز ہیں اور جب کبھی ملک کی سیاست میں تبدیلی آئی اس وقت بہار نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا اسی لئے اب جو تبدیلی لائی جا رہی ہے وہ اس میں بھی بہار اپناکلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 37سالہ نوجوان کے تعاقب کیلئے 30 ہیلی کاپٹرس کا استعمال کرکے بی جے پی اپنے خوف کو ظاہر کرچکی ہے اور بی جے پی کو یقین ہوچکا ہے کہ انہیں بہار میں کوئی کامیابی نہیں مل رہی ہے بلکہ بری شکست کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ بہار میں عوام اب این ڈی اے کا اصلی چہرہ دیکھ چکے ہیں اور جلد انہیں اقتدار سے نکال کر پھینک دیں گے۔3