پٹنہ، 24 دسمبر (آئی اے این ایس) بہارکرکٹ اسوسی ایشن (بی سی اے) کے صدر ہرش وردھن نے وی جے ہزاری ٹرافی میں بہار ٹیم کی شاندار اور تاریخی کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اسے بہار کرکٹ کے لیے باعثِ فخر لمحہ قرار دیا اورکھلاڑیوں کے نڈر انداز اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔ بہار نے اروناچل پردیش کے خلاف 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر574 رنز بناکر مینز لسٹ اے کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس اننگز میں ویبھو سوریہ ونشی، سکیبْل گنی اور آیوش لوہارکا نے شاندار سنچریاں اسکورکیں۔ خصوصی طور پر14 سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے کم عمر ترین لسٹ اے سنچری بنانے کے ساتھ تیز ترین 150 رنزکا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ بی سی اے صدر نے کہا کہ یہ کامیابی صرف شروعات ہے اور مستقبل میں بہارکرکٹ مزید سنگِ میل حاصل کرے گی۔
