بہار کی سابق وزیر پروین امان اللہ کا انتقال

   

نوئیڈا: بہار کی سابق وزیر اور معروف بیوروکریٹ افضل امان اللہ کی اہلیہ اور معروف سیاست داں سید شہاب الدین کی بیٹی پروین امان اللہ کا اتوار کو دیر رات نوئیڈا میں گھر پر انتقال ہو گیا۔ پروین امان اللہ بہار کی نتیش کمار حکومت میں سماجی فلاح و بہبود کی وزیر رہ چکی ہیں۔ وہ کافی دنوں سے علیل تھیں۔ ان کی تدفین دہلی میں کے پنچ پیراں قبرستان میں عمل میں آئی۔ ان کی پیدائش 1958 میں ہوئی تھی۔پروین امان اللہ نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز حق اطلاعات قانون کے تحت ایک کارکن کے طور پر کیا۔ سال 2010 میں انہوں نے بیگوسرائے کے صاحب پور کمال اسمبلی حلقہ سے جے ڈی یو کے ٹکٹ پر انتخاب لڑیں اور انہیں نتیش کمار کی قیادت والی حکومت میں وزیر بنایا گیا۔ وہ تقریباً چار سال وزیر رہیں۔ سال 2014 میں انہوں نے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کام میں عدم اطمینان کو وجہ بتائی۔ دو سال بعد وہ عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئیں۔ پٹنہ صاحب سے لوک سبھا کا الیکشن بھی لڑا، ان کے والد سید شہاب الدین کشن گنج سے ایم پی تھے۔ان کے انتقال پر کئی اہم شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے۔ آرجے ڈی کے قومی جنرل سکریٹری سید فیصل علی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اور کہا ہے کہ پروین امان اللہ کی رحلت سے ملت کو عظیم خسارہ ہوا ہے۔ پروین امان اللہ کی سماجی خدمات خاص کر خواتین کی بہبودی کیلئے ان کا سوشل ورک ملک کیلئے مشعل راہ ہے۔