چکائی، 9 نومبر (یو این آئی) بہار کے سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر اور چکائی اسمبلی حلقہ سے جنتا دل (یونائیٹڈ) کے امیدوار سمت کمار سنگھ نے کہا کہ ریاست کی سیاست میں نتیش کمار ہی اقتدار کی اصل کنجی ہیں اور ان کے بغیر کوئی اتحاد کامیابی کی ضمانت نہیں دیتا ہے ۔ سمت کمار سنگھ نے یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ پہلے مرحلے میں ہوئی ریکارڈ ووٹنگ اور اس میں خواتین کی زبردست شرکت صاف اشارہ دیتی ہے کہ اقتدار کا مرکز نتیش کمار ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی گھروں سے باہر نہ نکلنے والی خواتین نے ریاست میں تعلیم اور سماجی ہم آہنگی کے میدان میں مردوں کو پیچھے چھوڑنا شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہار میں خواتین کا بااختیار بننا مکمل طور پر نتیش کمار کا ‘برین چائلڈ’ ہے ۔ اقتدار میں آتے ہی مسٹر کمار نے جیویکا گروپوں کی شروعات کی۔ اس کے بعد بلدیاتی اداروں اور نوکریوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کا التزام کیا۔ سائیکل اور کپڑے دے کر بچیوں کو اسکول بھیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے خواتین کے بااختیاری کی جو فصل بوئی تھی، وہ اب پھل دینے لگی ہے ۔ سائیکل پر اسکول جانے والی چھوٹی بچیاں اب ووٹر بن چکی ہیں، جس کا اثر 6 نومبر کو ہوئے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں صاف نظر آیا۔ اس بار خواتین کی شرکت مردوں کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے ، جو نتیش کمار کی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے ۔ بہار حکومت کے وزیر مسٹر سنگھ نے بہار اسمبلی انتخابات کے امکانات پر کہا کہ اس بار کی لڑائی ‘ترقی بمقابلہ جنگل راج’ کے درمیان ہے ۔ عوام نے نتیش کمار کی قیادت میں بہار کو بدلتے دیکھا ہے اور ریاست کے سمجھدار ووٹر ایک بار پھر بہار کو اندھیرے میں دھکیلنے کا خطرہ مول نہیں لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ 11 نومبر کو این ڈی اے اتحاد کے لیے بڑی کامیابی لے کر آئے گی۔