پٹنہ: بہار میں اساتذہ کی نوکری کی تیاری کرنے والوں کے لئے اچھی خبر ہے۔ بہار حکومت کی کابینہ نے ریاست میں اساتذہ کی بھرتی کے دوسرے مرحلے کے لئے اساتذہ کی 69 ہزار 692 آسامیاں پیدا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت 6ویں سے 8ویں جماعت کے لئے 31982، 11ویں سے 12ویں جماعت کے لئے 18830 اور 9ویں سے 10ویں جماعت کے لیے 18880 اساتذہ کا تقرر کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے کے تحت بی پی ایس سی کے ذریعہ اساتذہ کی تقرری کی جائے گی۔بہار میں وکاس متروں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ وکاس متروں کا اعزازیہ اب 13,700 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کردیا گیا ہے اور اس میں ہر سال 5 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس وقت بہار میں 9825 وکاس متر ہیں۔ اس کے علاوہ مہادلت ٹولہ میں تعلیم دینے والے شکشا سیوک اور تعلیمی مرکز کے اعزازیہ کو بڑھا کر 22000 روپے کردیا گیا ہے، یکم جولائی سے ہر سال 5 فیصد کا اضافہ ہوگا۔