بہار کی وزیر کے بیٹے کی ریوالور کے بٹ سے پٹائی

,

   

خاطیوں کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ : بیما بھارتی
مدھے پورہ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے مدھے پورہ ضلع میں ایک گروہ نے بہار کے وزیر کے بیٹے کی پٹائی کردی۔ نیشکر انڈسٹریز کی وزیر بیما بھارتی کے فرزند راجکمار اور اس کے رشتہ کے بھائی سنجے کمار کو بھت گاما دیہات کے قریب بعض افراد کی جانب سے مارا پیٹا گیا۔ ایس پی سنجے کمار نے بتایا کہ دونوں کو علاج کے لئے چوسا پرائمری ہیلت سنٹر میں شریک کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے جس کے مطابق راجکمار اپنے دوست کو سری پور گاؤں میں چھوڑ کر اپنے مکان واپس ہورہے تھے کہ تین افراد نے ان کی SUV کار کو روکا اور ان کے رشتہ دار بھائی کے ساتھ ان کو بھی ریوالور کے بٹ سے مارا پیٹا۔ راجکمار نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ گاؤں کے سابق مکھیا سشیل یادو کے رشتہ دار اور آدمیوں نے مارپیٹ کی ہے۔ ریاستی وزیر نے بیٹے کو مار پیٹ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ بچے کو مارنے کا یہ طریقہ ہے؟ سڑک پر گاڑی چلانے پر کیا کوئی پابندی ہے؟ وہ پورنیہ ضلع کے روپاولی حلقہ سے جنتادل (یو) کی رکن اسمبلی ہیں۔