وقف بل کیخلاف بطور احتجاج استعفیٰ کی اطلاعات !
پٹنہ :انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) سے استعفیٰ دینے والے محمد نورالہدیٰ وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) میں شامل ہو گئے۔ یہ تقریب ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں منعقد ہوئی۔ نورالہدیٰ کا تعلق شمالی بہار کے ضلع سیتامڑھی سے ہے اور امکان ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔وی آئی پی پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی نے 1995 بیچ کے اس سینئر آئی پی ایس افسر کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دو ماہ قبل دہلی میں نورالہدیٰ سے ملاقات ہوئی تھی جہاں انہوں نے فعال سیاست میں شمولیت میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔محمد نورالہدیٰ نے بھی اس موقع پر کہا کہ وہ سیتامڑھی ضلع کی کسی بھی نشست سے اسمبلی انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کی سیاسی شمولیت کو وی آئی پی پارٹی کے لیے ایک بڑی تقویت تصور کیا جا رہا ہے۔اپنی ایمانداری اور فرض شناسی کے لیے مشہور نورالہدیٰ نے سماجی خدمت میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔نورالہدیٰ اپنے آبائی گاؤں میں تقریباً 300 غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ تعلیم ہی حقیقی بااختیاری کی کنجی ہے۔اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ دھنباد، آسن سول، اور دہلی ڈویژن جیسے حساس اور دباؤ والے علاقوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں ریلوے سیکیورٹی، نکسل ازم پر قابو اور جرائم کی روک تھام کے شعبوں میں جدید حکمت عملیوں کے نفاذ کا سہرا دیا جاتا ہے۔ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں انہیں دو بار وشِشت سیوا میڈل اور دو مرتبہ ڈائریکٹر جنرل چکر سے نوازا گیا ہے۔اسی دوران سوشل میڈیا میں یہ اطلاعات گشت ہورہی ہیں کہ نورالہدی نے وقف ترمیمی بل کے خلاف بطور احتجاج اپنے عہدہ سے استعفیٰ پیش کیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔