پٹنہ : بہار کے ایک امتحانی مرکزکے ہال میں بارھویں جماعت کا لڑکا یہ جان کر بے ہوش ہوگیا کہ امتحانی ہال میں 50 لڑکیوں میں وہ اکیلا لڑکا ہے۔ لڑکے کی آنٹی نے بتایا کہ اس صورتحال سے وہ پریشان ہوگیا اور اس کو بخار آگیا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ لڑکے کی آنٹی نے بتایا کہ امتحانی مرکز پہنچنے کے بعد جب وہ امتحانی ہال میں داخل ہوا تو دیکھا کہ ہال لڑکیوں سے بھرا ہوا ہے ، یہ دیکھ کر وہ پریشان ہوگیا اور اسے بخار آگیا۔ لڑکے کو قریبی صدرہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔ ڈاکٹروں نے اس کی صحت کو مستحکم بتایا ہے ۔تفصیلات کے مطابق منی شنکر نامی طالب علم بہارشریف کے علامہ اقبال کالج کا طالب علم ہے۔بعض خبر رساں ایجنسیوں نے لڑکیوں کی تعداد 500 بتائی ہے۔گزشتہ ہفتہ ہی مدھیہ پردیش کے اندور میں 16 سالہ لڑکی کے قلب پر حملہ کے بعد فوت ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ 11 ویں جماعت کی ویریندا ترپاٹھی اوشا نگر کے اسکول میں یوم جمہوریہ تقریب کا ریہرسل کر رہی تھی کہ اس کے قلب پر حملہ ہوا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔