بہار کے سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا کا انتقال

,

   

سونیا گاندھی، نتیش کمار، کمل ناتھ ، ممتا بنرجی اور دیگر قائدین کا اظہار تعزیت

پٹنہ 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا کا طویل علالت کے بعد آج انتقال ہوگیا۔ وہ 82 برس کے تھے اور گزشتہ کئی سال سے خون کے کینسر کے سبب زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھے۔ جگناتھ مشرا ماقبل منڈل دور میں بہار کے ایک انتہائی طاقتور لیڈر تھے۔ وہ تین مرتبہ اس ریاست کے چیف منسٹر رہے اور میڈیا پر کاری ضرب لگانے رسوائے زمانہ پریس بل متعارف کیا تھا۔ وہ بہار میں کانگریس کے اب تک کے آخری چیف منسٹر تھے۔ ان کی پیدائشی گاؤں بالوا بازار میں چہارشنبہ کو آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ جگناتھ اپنے بڑے بھائی للت نارائن مشرا کے قتل کے بعد چیف منسٹر مقرر کئے گئے تھے۔ وہ اندرا گاندھی کے کٹر وفادار تھے جنھیں 1975 ء میں وزیر ریلوے مقرر کیا گیا تھا۔ جگناتھ مشرا کو پی وی نرسمہا راؤ کابینہ میں وزیر بنایا گیا تھا۔ جگناتھ مشرا بہار یونیورسٹی میں معاشیات کے استاذ تھے اور اپنے بڑے بھائی للت نارائن سے سیاست کے گر سیکھے تھے۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے علاوہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی، گورنر پربھو چوہان، چیف منسٹر نتیش کمار، مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ، دیگر کئی سینئر سیاسی قائدین نے مشرا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر اور سابق چیف منسٹر بہار رابڑی دیوی، ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے بھی مشرا کو خراج عقیدت ادا کیا۔