پٹنہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بہار میں آسمان سے آئی آفت نے کئی گھروں کے چراغ بجھا دیے۔ کیمور ضلع کے موہنیاں تھانہ علاقے کے دانیال پور کورئی گاو?ں میں پیر کی صبح تقریباً 6 بجے آسمانی بجلی گرنے سے تین خواتین موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں جبکہ پانچ خواتین بری طرح جھلس گئیں۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق گاؤں کی کئی خواتین دھان کی فصل کاٹنے کے لیے کھیتوں کی طرف جا رہی تھیں۔ اسی دوران زور دار بارش اور چمکدار بجلی کڑکنے لگی۔ قریب میں پناہ کی کوئی جگہ نہ ہونے کے سبب خواتین کھیتوں کی طرف بڑھنے لگیں، لیکن اچانک ان کے اوپر آسمانی بجلی گر گئی اور یہ المناک حادثہ پیش آیا۔حادثے میں جان گنوانے والی خواتین کی شناخت منگری دیوی (45، اہلیہ اشوک رام)، کماری دیوی (40، اہلیہ منوج رام) اور پرم شیلا دیوی (45، جیٹھانی کماری دیوی) کے طور پر ہوئی ہے۔زخمی خواتین میں گیتا دیوی (40)، جانکی دیوی (45)، کنتی دیوی (40)، میرا دیوی (35) اور پشپا دیوی (40) شامل ہیں۔ سبھی خواتین ایک ہی گاؤں دانیال پور کورئی کی رہنے والی ہیں۔حادثے کے بعد گاؤں میں غم و غصے کی فضا پھیل گئی۔ اہل خانہ اور دیہی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کا چیک نہیں دیا جاتا، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے نہیں بھیجا جائے گا۔اس موقع پر سی ای او پشپ لتا کماری اور تھانہ انچارج پریش پریہ درشی موقع پر پہنچے اور یقین دہانی کرائی کہ آفات انتظامیہ کے تحت ہر مہلوک کے ورثا کو 4 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ کئی گھنٹوں کی سمجھانے بجھانے کے بعد پولیس نے نعشوں کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا۔اس اندوہناک واقعے کی خبر ملتے ہی ڈویژنل اسپتال اور گاؤں میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ گاؤں میں خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار سے ماحول سوگوار ہوگیا۔ اہل خانہ اور دیہی لوگ نعشوں کو لے کر بھبھوا روانہ ہوئے۔