اباکو۔/7ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) لاطینی امریکی ملک بہامس میں طوفان ’’ ڈوریان‘‘ سے فوت ہونے والوں کی تعداد آج 43 تک پہنچ گئی جس میں مزید اضافہ کے اندیشے ہیں۔ اس دوران امدادی ٹیم کے کارکن اور غوطہ خور زندہ بچ جانے والے افراد اور نعشوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ بہامس کے وزیر اعظم ہوبرٹ مِنس نے جمعہ کو دیر گئے کہا کہ تاحال جزیرہ اباکو میں 35 اور گرانڈ بہامہ میں 8 اموات کی توثیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم توثیق کرتے ہیں کہ کئی افراد ہنوز لاپتہ ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کے اندیشے ہیں۔وقت کی اس تاریک گھڑی میں ہم انتہائی تلخ تجربات کا سامنا کررہے ہیں۔‘‘ وزیر سلامتی اُمور ماروین ڈینس نے کہا کہ حکام تمام ضرورت مندوں تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عملہ سڑکوں پر بڑے درخت گرجانے کے سبب بروقت وہاں پہنچنے سے قاصر ہے۔ علاوہ ازیں کئی مقامات پر عمارتیں گرنے کے بعد ملبہ سڑکوں پر پھیل گیا ہے اور اندیشہ ہے کہ ملبہ میں چند افراد دفن بھی ہوئے ہوں گے تاہم ہنوز کوئی نعش برآمد نہیں ہوئی ہے۔