دبئی ۔ 23ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ونڈے کرکٹ کے بعد ٹسٹ میں بھی بابر اعظم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں اور دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروارہے ہیں۔ سال 2018 اور 2019 کے دوران کھیلے گئے میچز میں بہترین اوسط رکھنے والے کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر آگئے۔ یکم جنوری 2018 سے لے کر اب تک کھیلے گئے میچز کے دوران کم ازکم ایک ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم کا رن اوسط سب سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں بابر اعظم نے دنیائے کرکٹ کے بڑے نام اسٹیو اسمتھ، ویرات کوہلی، کین ولیمسن اورجوروٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس عرصے میں پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین کا رن اوسط 61.60 رہا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں اسٹیو اسمتھ 60.00 رن اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں۔ کین ولیمسن اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کا رن اوسط 60.84 ہے اور ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی 58.60 کی اوسط کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔اس فہرست کے دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین (آسٹریلیا)، ٹام لیتھم (نیوزی لینڈ)، اجنکیا رہانے (ہندوستان)، دیمتھ کرونارتنے (سری لنکا)، چتیشور پجارا (ہندوستان)، جو روٹ (انگلینڈ)، کوشل مینڈس (سری لنکا)، بین اسٹوکس (انگلینڈ)، جوز بٹلر (انگلینڈ) اور آئیڈن مارکرم (جنوبی افریقہ) شامل ہیں۔