نظام آباد میں ووٹرس ڈے کا انعقاد ، ضلع جج شریمتی سنیتا ، کلکٹر اور پولیس کمشنر کا خطاب
نظام آباد : قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر آج کلکٹریٹ میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس تقریب میں ضلع جج شریمتی سنیتا اور ضلع کلکٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر ناگاراجو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور شمع جلاکر تقریب کا افتتاح کیا اور اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ضلع جج شریمتی سنیتا نے کہا کہ حق رائے دہی دستور کی جانب سے فراہم کردہ بنیادی حق ہے اور ہر شخص اپنے ووٹ کا صحیح طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنی اہمیت کو ظاہر کریں ۔ الیکشن کمشنر شوشیل چندر ا ، گورنر تمل سائی سندریا راجن ، ریاستی چیف الیکشن کمشنر شیشانک گوئل کے پیغامات کو بھی اس موقع پر پڑھ کر سنایا ۔ ضلع جج شریمتی سنیتا نے کہا کہ بہترین نظم و نسق کے قیام کیلئے مرضی کے قائدین کا انتخاب کرنے کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کرنا ہوتا ہے اور حق رائے دہی شفاف طور پر استعمال کرتے ہوئے منتخب کریں تاکہ اپنے حقوق کا تحفظ کرسکے ۔ ایک ووٹ بھی اہمیت کا حامل ہے اور ایک ووٹ کے ذریعہ کئی تبدیلیاں عمل میں آتی ہے اور دیہی سطح پر سب سے زیادہ شہروں میں حق رائے دہی ریکارڈ کی جارہی ہے ان حالات میں تبدیلی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم دیکھنے کیلئے گھنٹوں لائن میں ٹھہرتے ہیں لیکن حق رائے دہی کے استعمال کیلئے لاپرواہی کی جاتی ہے ۔ سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان گلدستہ کی طرح ہے اور یہاں پر عوامی منتخب حکومت ہے اور اس کے عوامی منتخب حکومت کا قیام ووٹ کے ذریعہ کیا جاتا ہے ہندوستان کی جمہوریت عالمی سطح پر اہمیت کی حامل ہے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر دستور کے مصنف ہیں اور انہوں نے حق رائے دہی کا حق ادا کیا ہے 18سال مکمل یافتہ ہر شخص اپنے ناموں کا اندراج کرائیں ۔ اس موقع پر پولیس کمشنر کے آر ناگاراجو کے علاوہ اڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر ، مقامی ادارہ جات کے اڈیشنل کلکٹر چترا مشرا ، ٹرینی کلکٹر مکرند کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔