محکمہ اقلیتی بہبود کا قومی یوم تعلیم، مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات پر ایوارڈس کی پیشکشی
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے یوم قومی تعلیم اور یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منایا گیا۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے رویندرا بھارتی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات پر مختلف شخصیتوں کو ایوارڈس پیش کئے گئے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، صدرنشین تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم قریشی، صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری، صدرنشین کرسچن فینانس کارپوریشن دیپک جان اور دوسروں نے شرکت کی۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے اقلیتوں میں تعلیم کے فروغ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مولانا آزاد نے ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے تعلیم کے فروغ اور خاص طور پر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام میں اہم رول ادا کیا۔ اظہرالدین نے کہاکہ تعلیم کے بغیر بہتر مستقبل کی توقع کرنا فضول ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بہتر تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی کے مواقع حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اُنھوں نے اقلیتوں اور خاص طور پر خواتین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں کیوں کہ بچوں کے بہتر مستقبل میں مائیں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ اُنھوں نے محکمہ اقلیتی بہبود کا قلمدان دیئے جانے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ اقلیتی بہبود کے جو کام زیرالتواء ہیں اُن کی تکمیل پر توجہ مرکوز کریں گے۔ اظہرالدین نے اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں عہدیداروں سے تعاون کی اپیل کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے جدوجہد آزادی میں مولانا ابوالکلام آزاد کے رول کا تفصیلی ذکر کیا۔ تقریب میں 2 نامور شخصیتوں کو مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈس عطاء کئے گئے۔ تعلیم کے شعبہ میں جناب محمد لطیف خان چیرمین ایم ایس ایجوکیشن اور ممتاز شاعر و ادیب محسن جلگانوی کو ایوارڈ پیش کیا گیا۔ شاعری کے زمرہ میں مخدوم محی الدین ایوارڈ ممتاز شاعر جناب مصحف اقبال توصیفی کو پیش کیا گیا۔ اردو اکیڈیمی نے 8 مختلف زمرہ جات میں نمایاں کارکردگی پر 2 برسوں کے کارنامہ حیات ایوارڈس پیش کئے۔ کارنامہ حیات ایوارڈس حاصل کرنے والوں میں واحد نظام آبادی، ظفر فاروقی، ضامن علی حسرت، آمنہ تحسین، سید نوید اختر، ابو ضیاء سید جلیل ازہر، محمد حسام الدین، مسعود مرزا محشر، میر مجتبیٰ علی فہیم، عبدالمجید صدیقی، ڈاکٹر ناظم الدین منور، شجاع الدین افتخاری، ڈاکٹر عبدالعزیز سہیل، محترمہ فہمیدہ بیگم اور ابو ایمل شامل ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے خیرمقدم کیا۔ اِس موقع پر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی، اقامتی فینانس کارپوریشن، سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز، میناریٹی اسٹڈی سرکل اور دائرۃ المعارف العثمانیہ کے اسٹالس لگائے گئے تھے۔1