بہتر طبی خدمات کے ذریعہ سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد کی بحالی ممکن

   

اضلاع کے میڈیکل کالجس میں عصری سہولتیں، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا خطاب
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سرکاری ہاسپٹلس کے ڈاکٹرس پر زور دیا کہ وہ اپنی بہتر طبی خدمات کے ذریعہ سرکاری علاج پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی مساعی کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے بہتر علاج اور طبی خدمات کے ذریعہ گورنمنٹ ہاسپٹلس پر عوام کا اعتماد مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کی نئی عمارت کے علاوہ کریٹیکل کیر یونٹ کا افتتاح انجام دیا۔ اُنھوں نے 500 بستروں کے نئے بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے طلبہ کو تیقن دیا کہ میڈیکل کالج میں درکار سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت اقدامات کرے گی۔ طلبہ نے آڈیٹوریم ایکزامنیشن ہال، جم اور اسپورٹس کی سہولتوں کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ وزیر صحت نے عہدیداروں کو مذکورہ سہولتوں کی عاجلانہ منظوری کی ہدایت دی۔ دامودر راج نرسمہا نے کہاکہ آئندہ سال تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ دونوں شعبہ جات میں کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مواضعات میں موجود ایریا ہاسپٹلس میں 99 فیصد مریضوں کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے میڈیکل اسٹوڈنٹس کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں تحمل سیکھیں تاکہ مریضوں کے ساتھ بہتر سلوک کیا جاسکے۔ حیدرآباد میں عثمانیہ، گاندھی اور نیلوفر ہاسپٹلس کی طرز پر اضلاع کے میڈیکل کالجس میں طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈسمبر تک نرسنگ کالج کا قیام کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا اور آئندہ سال سنگاریڈی کے راجم پیٹ میں نرسنگ کالج کے تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کالج کیلئے 2 خصوصی بسوں کی منظوری کا وعدہ کیا۔ میدک کے رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ، ارکان مقننہ چنتا پربھاکر، مانک راؤ، سنجیوا ریڈی، سابق رکن اسمبلی جگاریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1