حیدرآباد۔ /26 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے کہا کہ وہ بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ ایراولی میں آج کے سی آر نے بی آر ایس پارلیمنٹری پارٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے31 جنوری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اٹھائے جانے والے مسائل کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا کے علاوہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ نے بھی شرکت کی۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مباحث ہونے والے مسائل کا جائزہ لیا گیا ۔ کے سی آر نے ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی ہدایت بھی دی۔ بی آر ایس کے سربراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کی امیدیں بی آر ایس پر ٹکی ہوئی ہیں ۔ کے سی آر نے کہا کہ بی آر ایس بھلے ہی اقتدار میں نہیں ہے مگر عوامی مسائل کو اٹھانے والی بی آر ایس واحد پارٹی ہے۔ پارلیمنٹ میں بی آر ایس کی بڑے پیمانے پر گونج کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس کو پارلیمنٹ کے ایوانوں میں موضوع بحث بنانے پر زور دیا۔ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کرشنا بورڈ کے حوالے کرنے سے تلنگانہ کو نقصان ہوگا۔ آپریشن مینول پروٹوکال کے بغیر پراجکٹس کیسے حوالے کئے جائیں گے کانگریس سے استفسار کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ زمینی سطح پر بی آر ایس کافی مضبوط و طاقتور ہے کسی سے اتحاد کئے بغیر عوامی مسائل پر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وہ بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس کے قائدکے کیشوراؤ نے کہاکہ تقسیم ریاست کے وعدوں پر عمل آوری کیلئے مرکزی حکومت پردباؤ بنایا جائے گا۔ آبپاشی پراجکٹس کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔2