ممبئی، 29 جنوری (آئی اے این ایس) فلم ’بارڈر 2‘ میں بابر خان کا کردار نبھانے والے اداکار بہزاد خان نے انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران وہ سنی دیول پر ہاتھ اٹھانے اور مکّے مارنے والے مناظر کرنے میں شدید تذبذب کا شکار تھے، جس کی وجہ سنی دیول کے لیے ان کا احترام اور ان کی سینئر مقام تھا ۔سنی دیول کے ساتھ ایکشن مناظرکے بارے میں بات کرتے ہوئے بہزاد خان نے کہا ہم ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کر رہے تھے جہاں ہمیں ایک دوسرے کو مارنا تھا۔ سنی سرکو دیکھ کر ان کے تجربے اور برسوں کے کام کے احترام میں، میں بہت ہچکچا رہا تھا۔ میرے مکّے اور دھکے اتنے مضبوط نہیں تھے کیونکہ میں خود کو روک رہا تھا۔ بہزاد کے مطابق سنی دیول نے ان کی ہچکچاہٹ کو محسوس کر لیا اور خود ان سے بات کی۔ سنی سر نے مجھ سے کہا اس بات کی فکر نہ کروکہ تم مجھے مار رہے ہو یا دھکا دے رہے ہو۔ ہم اداکار ہیں۔ مجھے اپنا مخالف سمجھو اور پورا زور لگاؤ، میں خود کو سنبھال لوں گا۔ بہزاد خان نے کہا کہ اس گفتگو کے بعد وہ سنی دیول کے رعب سے باہر آسکے اور انہیں ایک ساتھی اداکارکے طور پر دیکھنے لگے۔انہوں نے سنی دیول سے اپنی پہلی ملاقات کو ‘‘انتہائی جذباتی’’ قرار دیتے ہوئے کہا،جب میں پہلی بار ان سے ملا تو میری آنکھوں میں آنسو تھے۔ ہم نے انہیں اسکرین پر بچپن سے بڑھتے دیکھا ہے۔ وہ میرے بچپن کے ہیرو ہیں۔ ان کی بے شمار فلمیں دیکھی ہیں۔ وہ ایک لیجنڈ ہیں۔ ان کے ساتھ پردے پر آنا، مناظر پر گفتگو کرنا اور سین کو حقیقی اور خوبصورت بنانے کی کوشش کرنا میرے لیے ناقابلِ یقین تجربہ تھا۔بہزاد نے بتایا کہ سنی دیول کی سب سے متاثرکن بات ان کی نظم و ضبط اور کام سے وابستگی ہے۔ وہ بے حد معاون اور اپنے فن کے لیے مکمل طور پر وقف ہیں۔ اس عمر میں بھی انہیں ہر چیز یاد رہتی ہے اور وہ اپنے تمام مناظر خود کرتے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ سنی دیول کے ساتھ کام کرنا محض اداکاری تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک ذاتی تبدیلی کا سبب بھی بنا۔