بہنوئی کا قتل کرنے والی خاتون شوہر کیساتھ گرفتار

   

حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) بہنوئی کا قتل کرنے والی خاتون اور اس کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ میرپیٹ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 30 سالہ سباوت سروجا اور اس کے شوہر 21 سالہ جے سرینو ساکن جلیل گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ 2 ڈسمبر کی رات ان دونوں میاں بیوی نے 45 سالہ کداوت ریڈیا ساکن چمپاپیٹ پر حملہ کرتے ہوئے اُسے شدید زخمی کردیا تھا جو علاج کے دوران کل فوت ہوگیا۔ ریڈیا کی شادی 10 سال قبل سروجا کی بہن لکشمی سے ہوئی تھی جو اس کی دوسری بیوی تھی۔ ریڈیا کی پہلی بیوی بیماری سے فوت ہوگئی تھی۔ ریڈیا، لکشمی کو ہراساں کرتا تھا۔ ہر دن نشہ کی حالت میں مکان پہونچ کر بیوی کو اذیت پہونچاتا تھا۔ شوہر کی ہراسانیوں سے تنگ آکر لکشمی نے گھر چھوڑ دیا تھا اور اپنی بہن سروجا کے ساتھ رہنے لگی تھی۔ اس دوران ریڈیا نے بیوی کو گھر واپس لانے کی کوشش کی لیکن وہ واپس نہیں ہوئی۔ 2 ڈسمبر کو ریڈیا اپنی سالی سروجا کے مکان پہونچا اور جھگڑا کرنے لگا۔ سروجا اور اس کے شوہر سرینو نے منصوبہ تیار کرکے ریڈیا کو راستہ سے ہٹانے کے لئے اس پر روٹی تیار کرنے والے بیلن سے حملہ کردیا۔ اس حملہ میں ریڈیا شدید زخمی ہوگیا جسے مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ع