کولکتہ، 8 دسمبر (آئی اے این ایس) مغربی بنگال میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (سر) کے پہلے مرحلے کے اختتام پر بودھی پور جنوبی24 پرگنہ میں ایک نیا تنازعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک خاتون بی ایل او پر اپنی رشتہ دار کی جگہ خدمات انجام دینے کا الزام عائد ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق آنگن واڑی کارکن دیبی ہالدارکو 4 دسمبر کو بوتھ نمبر 94 کی نئی بی ایل او نامزد کیا گیا تھا، لیکن بیماری کے باعث انہوں نے ذمہ داری چھوڑنے کی درخواست دی۔ اس کے باوجود، ان کی نند روما ہالدارجو بوتھ 96 کی بی ایل او ہیں، نے بوتھ 94 پر بھی کام شروع کردیا۔ اس معاملے نے یہ سوال کھڑا کردیا ہے کہ کیا ایک بی ایل اوکسی دوسرے بوتھ میں خدمات کرسکتی ہے اور باروئی پور بلاک انتظامیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ الزام میں گھری روما ہالدار نے وضاحت کی کہ دیبی ہالدارکی بیماری کے باعث انہوں نے صرف کام مکمل کرنے کے لیے مدد کی۔ ضلعی انتظامیہ نے معاملے کی جانچ کا اعلان کیا ہے اور بے ضابطگی ثابت ہونے پر کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔