بہن نے بھائی کی نعش کو راکھی باندھ کر الوداع کیا

   

ضلع پداپلی میں رکھشا بندھن کے دن افسوسناک واقعہ ، آخری دیدار کے لیے پہونچنے والے روپڑے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : رکھشا بندھن بھائی بہن کے پاکیزہ رشتہ کی علامت ہوتی ہے جس کو ہمارے ملک میں بڑی ہی عقیدت سے منایا جاتا ہے ۔ راکھی تہوار کے موقع پر بھائی کو راکھی باندھنے کے لیے اس کے گھر پہونچنے والی بہن کو اس وقت بہت بڑا صدمہ پہونچا جب اس کے گھر پہونچنے کے کچھ ہی دیر بعد بھائی کا انتقال ہوگیا ۔ غمزدہ بہن ہنستے ہوئے بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھنے کے بجائے روتے ہوئے بھائی کی نعش کے کلائی کو راکھی باندھی اس منظر کو دیکھ کر وہاں جمع افراد خاندان اور دوسرے زار و قطار رو پڑے ۔ یہ دلخراش واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع پداپلی میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع پداپلی کے ایلگڈو منڈل میں واقع دھولی کٹہ گاوں میں رہنے والے چودھری کنکیا کا قلب پر حملہ ہونے کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی ۔ بھائی کے انتقال سے چند گھنٹے قبل ہی اس کی بہن گوراماں بھائی کو راکھی باندھنے اس کے گھر پہونچی تھی بھائی کے انتقال پر بہن روپڑی اور آخری مرتبہ اپنے مردہ بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھتے ہوئے اس کو الوداع کہا اور زار و قطار سے روتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال راکھی باندھنے کے لیے اس کا بھائی نہیں رہے گا ۔ بہن کی جذباتی محبت پر چودھری کنکیا کا آخری دیدار کرنے کے لیے پہونچنے والے دوست رشتہ داروں کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے ۔۔ ن