ممبئی ۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ڈیوڈ ملرکا اہم کیچ لے کر سوریا کمار یادیو شائقین کے ہیرو بن گئے۔ جیسے ہی انہوں نے کیچ لیا ورلڈ کپ ٹرافی ٹیم کی گود میں تھی۔ آج یہ ان کی وجہ سے ہے کہ کھلاڑیوں سمیت تمام ہندوستانی شائقین11 سال بعد آئی سی سی ٹرافی کی جیت کا جشن منانے کے قابل ہیں۔ جہاں ایک طرف ٹیم انڈیا کے کھلاڑی ٹرافی کو پکڑکر چوم رہے ہیں تصاویر بنا رہے ہیں، اسے اپنے سینے سے لگا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف سوریا کمار یادو نے اس کے لئے ایک خاص منصوبہ تیارکیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وطن واپس آنے کے بعد وہ یہ ٹرافی اپنے جسم پر ٹیٹو بنوائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس ٹرافی کا ان کی بہن سے خاص تعلق ہے۔ سوریاکمار یادیو اس وقت ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کے بعد بارباڈوس میں ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2023 کے ونڈے ورلڈ کپ کے دوران ٹرافی کا ٹیٹو بنوانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔ اب وہ وطن میں اترتے ہی اس ٹرافی کو اپنے دل کے قریب ٹیٹو کروا لیں گے۔ سوریا نے ٹرافی کے ساتھ اپنی بہن کے تعلق کا بھی انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اور ان کی بہن کی سالگرہ ایک ہی دن تھی۔ اس لیے یہ ٹرافی ان کے لیے بہت خاص ہے اور ٹرافی کے ساتھ وہ اپنی فتح کی تاریخ کا ٹیٹو بھی بنوائیں گے۔