حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ وہ اپنی بہن پرینکا گاندھی کے وعدہ کی تکمیل کیلئے کولا پور پہنچے ہیں۔تقریر کے آغاز پر راہول گاندھی نے پرینکا گاندھی کی جگہ اپنی آمدکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج میری بہن کو آنا تھا لیکن انہیں بخار آگیا، میرا تلنگانہ سے رشتہ سیاسی نہیں بلکہ خاندانی ہے اسی لئے میں نے بہن کے وعدہ کو پورا کرنے کیلئے تلنگانہ آنے کا فیصلہ کیا۔ دہلی میں شام 5 بجے اسمبلی چناؤ کے امیدواروں کے انتخاب کیلئے سنٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ تھی، میں نے کہا کہ تلنگانہ میں میری بہن نے وعدہ کیا ہے اور وعدہ کی تکمیل کرنا میرے لئے سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ راہول گاندھی نے اندرا گاندھی کے تلنگانہ سے تعلق کا ذکر کیا اور کہا کہ جس وقت اندرا گاندھی کو ضرورت تھی تلنگانہ عوام نے ان کی بھرپور مدد کی تھی جسے میں زندگی بھر نہیں بھول سکتا۔